حادثے کا شکار طیارے میں 180 مسافروں کی گنجائش تھی

May 23, 2020

حادثے کا شکار ہونے والے قومی ایئر لائن کے طیارے کا رجسٹریشن نمبر اے پی۔ بی ایل ڈی بوئنگ ایئر بس 320 تھا۔ پی آئی اے نے حادثے کا شکار طیارے کا 28 اپریل کو فٹنس سرٹیفکیٹ 25 اکتوبر 2020ء تک کے لئے جاری کروا رکھا تھا۔

پی آئی اے ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائن کے طیارے میں 180 مسافروں کی گنجائش تھی تاہم کورونا وائرس کے حفاظتی اقدامات کے طور پر اس میں عملے سمیت 107 افراد سوار تھے۔

طیارے کی ایک ماہ قبل مرمت کرائی گئی تھی اور کراچی روانگی سے قبل اسے تین بار کلیئرنس ملنے کے بعد روانہ کیا گیا تھا۔

طیارہ لاہور سے ایک بج کر 5 منٹ پر روانہ ہوا تھا جبکہ اسے 2 بج کر 45 منٹ پر کراچی لینڈ کرنا تھا لیکن ذرائع کے مطابق 2 بج کر 37 منٹ پر طیارہ پرندوں کے ٹکرانے کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔ ایئر بس نے مجموعی طور پر 47 ہزار 108 گھنٹے کی پرواز مکمل کرلی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کا یہ طیارہ گزشتہ روز مسقط سے مسافروں کو لے کر پاکستان پہنچا تھا۔

پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن کے فلیٹ میں شامل ہونے سے پہلے یہ طیارہ چائنا ایسٹرن ایئرلائن کے زیر استعمال رہا ہے اور پی آئی اے کے فلیٹ میں اکتوبر 2014ء میں شامل کیا گیا تھا۔

ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں ۔