وزیراعظم کا طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم

May 23, 2020


وزیراعظم عمران خان نے کراچی طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دیدی ہے۔

وزیر اعظم نے تحریری حکم نامے میں ہدایت کی ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی فوری طور پر بلا تاخیر تحقیقاتی عمل کا آغاز کرے۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے لئے وفاقی حکومت کی باضابطہ منظوری کا انتظار نہ کیا جائے۔

وزیر اعظم آفس کی جانب سے تحریری ہدایات سیکریٹری ایوی ایشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھجوا دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مسافروں کو لاہور سے کراچی لانے والا پی آئی اے کا طیارہ کراچی ایئر پورٹ پر لینڈنگ سے چند لمحے پہلے حادثے کا شکار ہوا، جس کے نتیجے میں 96؍ افراد جاں بحق ہوگئے۔

طیارے میں عملے کے 7؍ ارکان سمیت 9 بچے، 30 خواتین، 59 مرد سوار تھے ، بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعوداور محمد زبیر حادثے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

طیارے میں سینئر میڈیا پرسن انصار نقوی بھی موجود تھے، بدقسمت طیارہ ایک بجکر 8؍ منٹ پر لاہور سے اڑا اور 2 بجکر 37؍ منٹ پر کراچی ایئرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوا۔

وزیراعظم عمران خان نے طیارہ حادثے کے بعد اپنے تعزیتی پیغام میںکہا تھا کہ حادثے پر انہیں شدید دکھ اور صدمہ ہوا ہے، پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کراچی جارہے ہیں میں ان سے رابطے میں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حادثے کی فوری طورپر انکوائری شروع کی جائے گی، وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔