طیارہ حادثہ: بہادرآباد کے رہائشی باپ بیٹا بھی لقمۂ اجل بنے

May 23, 2020


کراچی طیارہ حادثے میں جاں بحق ایک شہری سلیم قادری بہادر آباد کراچی کا رہائشی بتایا جاتا ہے جو کاروباری سلسلے میں لاہور گیا ہوا تھا ۔

سلیم قادری کے ملازم قاسم نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سلیم قادری کےہمراہ ان کا بیٹا اسامہ قادری بھی حادثے میں جاں بحق ہوا ہے۔

ملازم کا کہنا ہے کہ سلیم قادری کے لواحقین اس وقت بات چیت کرنے کی حالت میں نہیں ہیں ۔

دوسری جانب لواحقین کا کہنا ہے کہ سلیم قادری اور صاحبزادے کی میتوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

حادثے میں ناظم آباد کا خاندان بھی شامل تھا، ناظم آباد کے رہائشی وقاص اپنی اہلیہ ندا، بیٹے عالیان اور بیٹی کے ساتھ طیارے میں موجود تھے ۔

وقاص کی اہلیہ ندا اٹلس ہونڈا کے ایچ آر ڈپارٹمنٹ میں ملازمہ تھیں اور ان کی لاہور میں پوسٹنگ تھی ، نوکری لاہور میں ہونے کی وجہ سے پوری فیملی ہی لاہور میں رہائش پذیر تھی ۔

ذرائع کے مطابق بدقسمت فیملی عید منانے کے لیے کراچی آ رہی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مسافروں کو لاہور سے کراچی لانے والا پی آئی اے کا طیارہ کراچی ایئر پورٹ پر لینڈنگ سے چند لمحے پہلے حادثے کا شکار ہوا، جس کے نتیجے میں 96؍ افراد جاں بحق ہوگئے۔

طیارے میں عملے کے 7؍ ارکان سمیت 9 بچے، 30 خواتین، 59 مرد سوار تھے ، بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعوداور محمد زبیر حادثے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

بدقسمت طیارہ ایک بجکر 8؍ منٹ پر لاہور سے اڑا اور 2 بجکر 37؍ منٹ پر کراچی ایئرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوا۔