شہید اے ایس آئی کی میت ڈالے کے فرش پر رکھنے کانوٹس، ایس ایچ او ترنول سمیت 3 پولیس اہلکار معطل

May 28, 2020

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)شہید اے ایس آئی محسن ظفر کی میت کوایمبولینس میں لے جانے کی بجائے بیدردی سے پولیس ڈالے کے فرش پرڈالنے کی ویڈیو کانوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس اسلام آبادنےقائم مقام ایس ایچ او محمد رفیق، ڈیوٹی افسر عبدالغفور اور کانسٹیبل کو فوری طور پر معطل کردیا۔ سوشل میڈیاپروائرل ہونے والی ویڈیومیں د کھایا گیاتھاکہ پولیس ملازمین شہیدتھانیدارکے جسد خاکی کوبے دردی سے پولیس گاڑی کے فرش میں رکھ رہے ہیں جس سے شہیدکی بے حرمتی کاتاثر پیداہوا، ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے ویڈیو کا سختی سے نوٹس لیا۔ انہوں نے تھانہ ترنول کےقائم مقام ایس ایچ او محمد رفیق، ڈیوٹی افسر عبدالغفور اور کانسٹیبل کو فوری طور پر معطل کر دیااورڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید کو انکوائری کرکے 24گھنٹے کے اندر رپورٹ پیش کرنے کاکہا۔