پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج امن دستوں کا دن منایا جارہا ہے

May 29, 2020


پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن دستوں کا دن آج منایا جارہا ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان یو این چارٹر کے تحت عالمی امن کے لیے کام جاری رکھے گا۔

اقوام متحدہ کے امن دستوں کے دن پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اپنے بہادر امن دستوں کی قربانی کا جذبہ یاد کرتا ہے، پاکستانی امن دستے دنیا میں بے امنی کے شکار علاقوں میں انسانیت کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پاکستان نے 30 ستمبر 1947 کو اقوام متحدہ میں شمولیت اختیار کی اور امن مشن کے لیے پاکستان کی معاونت کا آغاز 1960 میں ہوا، پاکستان60سال میں 26 ملکوں میں 46 امن مشنز میں حصہ لے چکا ہے۔

اس وقت پاک فوج کے 7500 جوان اور افسران امن مشنز میں خدمات انجام دے رہے ہیں، پاکستان امن آپریشنز میں خواتین دستوں کو تعینات کرنے والا واحد ملک ہے،پاکستانی خواتین کے دستوں نے امن اور انسانیت کی خدمت کےلیے مثالی کردار ادا کیا۔