چینی کی وجہ سے حکومت پر جھاڑو پھرتی نظر آرہی ہے، شاہد خاقان

May 30, 2020

چینی کی وجہ سے حکومت پر جھاڑو پھرتی نظر آرہی ہے، شاہد خاقان

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چینی پر ڈاکے کے ذمے دارعمران خان، عثمان بزدار، حفیظ شیخ اوراسد عمر ہیں، اِن لوگوں کے نام کمیشن کی رپورٹ میں نہیں ہیں، چینی کی وجہ سے حکومت پرجھاڑو پھرتی نظرآرہی ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں اصل مجرموں کو چُھپایا گیا، شوگر مافیا عمران خان کی کابینہ میں بیٹھا ہے، بتایا جائے چینی کی برآمد کا فیصلہ کیوں ہوا، سبسڈی کیوں دی گئی؟ مانیٹرنگ کیوں نہیں کی گئی؟۔

یہ بھی پڑھیے: شاہد خاقان عباسی مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں، شہزاد اکبر

ان کا کہنا تھا کہ چینی پر سبسڈی انہوں نے بھی دی تھی پرچہ درج کرنا ہے تو اُن پر اور عمران خان پر درج کیا جائے۔ عثمان بزدار سب سے زیادہ معصوم ہیں عمران خان معصوم ہیں حکومت بھی معصوموں کی ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان اور اُن کی کابینہ کے لوگ جب تک کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوں گے رپورٹ مکمل نہیں ہو گی۔

لیگی سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ کمیشن بننے کے بعد بھی چینی کی قیمت 20 فی صد تک بڑھی ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کورونا کے معاملے پر بھی حکومت کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت شوگر مافیا کو تحفظ دے رہی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کئی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے چینی کی برآمد کا فیصلہ کیوں ہوا؟ سبسڈی کیوں دی گئی؟ اور اس کی مانیٹرنگ کیوں نہیں کی گئی؟