پابندیوں کیساتھ کھیلنا عجیب، لیکن ہدایات پر عمل ضروری، کمار سنگاکارا

June 01, 2020

کولمبو (جنگ نیوز) سابق سری لنکا کے کپتان اور ایم سی سی کے صدر کمار سنگاکارا نے کہا کہ کورونا سے متعلق آئی سی سی ہدایات کے تحت کرکٹ کھیلنا عجیب لگے گا لیکن فی الحال اس سے بہتر کوئی اور متبادل نہیں ہے۔ آئی سی سی نے حال ہی میں دنیا بھر میں کرکٹ بحال کرنے کے لئے وسیع ہدایات جاری کئے ہیں اور ساتھ ہی کورونا وبا سے بچنے کیلئے سخت پروٹوکول بنائے ہیں۔ سنگاکارا نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ ہدایات کھلاڑیوں کو روکیں گی، یہ واقعی عجیب ہوگا اور جب میں اس کے بارے میں سوچتا ہوں تو یہ مجھے بھی عجیب لگ رہا ہے۔ لیکن صحت اور حفاظت بہت اہم ہے۔ اس وقت صحت سب سے اہم ہے، خاص طور پرکھلاڑیوں کے لئے تاکہ کرکٹ میں واپسی پر ان کا اعتماد بڑھے اور شاید کچھ وقت بعد ناظرین کے لئے بھی اسٹیڈیم کھولے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے ساتھ ہی رہنا پڑے گا، ہمارے ذہنوں میں اس سے متعلق کئی سوالات ہیں، ان کے جواب ماہرین کے پاس بھی نہیں۔ میرا خیال ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتےاثرات اور عالمی مقابلے میں شامل کھلاڑیوں اور دیگر افراد کی صحت سے متعلق خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئےاس سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو منسوخ کردینا چاہئے ۔ اس وقت توجہ وائرس پر اور آنے والے دنوں میں یہ کیسا رہتا ہے اس پر رہنی چاہئے۔ یاد رہے کہ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد رواں سال 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں ہونا ہے ۔ سنگاکارا نے مزید کہا اصل بات یہ ہے کہ وائرس کے تعلق سے آگے کیا ہونے والا ہے۔ کیا یہ سارس یا ایم ای آر ایس کی طرح غائب ہو جائے گا، یا پھر یہ موسم کی طرح واپس آتا رہے گا؟ کچھ سوالات ہیں جن کا جواب مجھے نہیں لگتا کہ اس وقت کسی کے پاس ہے۔ وقت کے ساتھ ہمیں اور وضاحت ملتی جائے گی۔ ہر روز ایک نئی بات مل رہی ہے، نئی چیزیں سامنے آ رہی ہیں۔ کھلاڑیوں کو بھی یہ سمجھنا ہوگا کہ آئی سی سی اور حکومتوں کی گائیڈلائنز پر عمل کرنا بہت ضروی ہے، یہ ان کی ذمہ داری بھی ہے۔ یہ صرف ان کےلئے نہیں، ہدایات پر عمل کرکے ہم دوسروں تک پیغام بھی پہنچاسکتے ہیں کہ کس طرح اس عالمی وبا سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔