طیارہ حادثہ، سیکنڈ لیفٹننٹ حمزہ یوسف شہید کی نماز جنازہ میں کورکمانڈر و دیگر کی شرکت

June 02, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے سیکنڈ لیفٹینینٹ حمزہ یوسف کی نماز جنازہ امین شہید اسٹیڈیم قصبہ کالونی میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں کور کمانڈر کراچی لیفٹینٹ جنرل ہمایوں عزیز ،ڈی آئی جی ویسٹ زون کیپٹن (ر) عاصم خان، ایس ایس پی ویسٹ فدا حسین جانوری، ایس ایس پی سینٹرل راو عارف اسلم، ایس پی اورنگی شبیر احمد بلوچ دیگر فوج اور پولیس کے اعلیٰ افسران،سیاسی و سماجی شخصیات اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی،ڈی آئی جی اور ایس ایس پی ویسٹ نے مرحوم کے والد اے ایس آئی محمد یوسف سے بیٹے کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات بلندی کے لیے دعا کی۔دریںاثناءطیارہ حادثہ میں جھلس کر زخمی ہونے والی تین بچیوں میں سے13سالہ ناہیدہ زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئی۔نماز جنازہ ملیر کے علاقے جام کنڈو میں ادا کر دی گئی۔ پی ٹی آئی مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ پی آئی اے افسران و پی ٹی آئی رہنمائوں نے شرکت کی۔