لوگ کورونا ٹیسٹ کروانے میں تعاون نہیں کر رہے، وزیراعلیٰ سندھ

June 02, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ لوگ کورونا ٹیسٹ کروانے میں توقع کے مطابق تعاون نہیں کر رہے۔ یہ بات انھوں نے پاکستان میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے نمائندے ڈاکٹر پلیہا مہیپالا سے وزیر اعلیٰ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈاکٹر پلیہا نے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ ڈبلیو ایچ او طبی عملہ کی تربیت سمیت تمام پہلوؤں میں حکومت کی مدد کریگی۔ وزیر اعلیٰ ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان بالخصوص سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتا یا کہ انہوں نے ٹیسٹ کی صلاحیت 200 سے بڑھاکر 6600 کردی ہے۔ وہ 250 بستروں پر مشتمل کراچی میں انفیکشن ڈیزیز کورونا وائرس کے دو الگ الگ اسپتال قائم کر رہے ہیں جبکہ صوبے کے دیگر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں بھی ایسی ہی صحت کی سہولیات قائم کی جائیں گی۔