ویسٹ انڈیز کا دورہ انگلینڈ طے، سیریز حکومتی اجازت سے مشروط

June 03, 2020

ویسٹ انڈیز کا دورہ انگلینڈ طے، سیریز حکومتی اجازت سے مشروط

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ کی سیریز تماشائیوں کے بغیر کھیلے گی یہ سیریز حکومت کی اجازت سے مشروط ہے۔ منگل ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ طے ہوگیا ہے ۔ ویسٹ انڈیز ٹیم 9جولائی سے دورہ انگلینڈ کا آغاز کرے گی۔ پہلا ٹیسٹ آٹھ سے بارہ جولائی سے ساؤتھمپٹن ، دوسرا سولہ سے بیس جولائی سے مانچسٹر اور تیسرا ٹیسٹ چوبیس سے28جولائی سے مانچسٹر میں ہوگا ۔ ایجبسٹن برمنگھم میں ٹیمیں پریکٹس اور ٹریننگ کریں گی۔ ویسٹ انڈیز ٹیم نو جون کو انگلینڈ پہنچ کر اولڈ ٹریفورڈ میں قرنطینہ میں رہے گی۔ پہلے ٹیسٹ سے قبل تین ہفتے مہمان ٹیم اولڈ ٹریفورڈ میں گذارے گی۔ ویسٹ انڈیز کے بعد انگلینڈ نے اگست میں پاکستان کیخلاف تین ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچز بھی کھیلنا ہیں۔ انگلینڈ اور پاکستان کا پہلا ٹیسٹ پانچ اگست سے مانچسٹر میں کرانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ دوسرا ٹیسٹ 13 اگست اور تیسرا ٹیسٹ21 اگست سے ساؤتھمپٹن میں کرانے کی تجویز ہے۔ سیریز کے تینوں ٹی 20 میچز مانچسٹر میں ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے کہا ہے کہ کورنا وائرس کی وجہ سے ملنے والا بریک ان کے کیریئر کو ایک دو سال بڑھا سکتا ہے۔37سالہ انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن ان 55 کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں جنہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کےلیے چنا گیا ہے۔گزشتہ دورہ جنوبی افریقہ پر اینڈرسن انجری کا شکار ہو گئے تھے جس سے اب مکمل صحت یاب ہو گئے ہیں۔