لاک ڈاون میں نماز ادا کرنے کا مقدمہ، ملزمان کو رہا کرنے کا حکم

June 03, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر )انسداد دہشت گردی کی عدالت میں لاک ڈاون میں نماز جمعہ کی ادائیگی اور خاتون ایس ایچ او پر حملہ کیس میں پولیس نے ملزمان کو بے گناہ قرار دیا ،پیر آباد پولیس نے مقدمہ اے کلاس کرنے کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی. فاضل عدالت نے اے کلاس کی رپورٹ منظور کرتے ہوئے ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ دوران سماعت مقدمے میں نامز ملزمان عبدالرحمان ، قوی اور زرین خان عدالت میں پیش ہوئے ۔پولیس رپورٹ کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے کورونا کی وجہ سے لاک ڈاو ن کا اعلان کیا گیا تھا ،لاک ڈاو ن میں جمعہ پر پابندی عائد کی گئی ،10اپریل کو پیر آباد کے علاقے میں پابندی کے باوجود نماز جمعہ کی ادائیگی کی گئی ،اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نمازیوں کو روکنے کی کوشش کی ،20 سے 25افراد نے پولیس پر حملہ کیا اور خاتون ایس ایچ او کو تشدد کا نشانہ بنایا ،موقع سے تینوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا، تفتیش کے دوران پتا چلا کہ یہ وہ ملزمان نہیں جنھوں نے پولیس پر حملہ کیا ،ر پورٹ میں عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ تینوں مذکورہ ملزمان بے گناہ ہیں لہذا رہا کیا جائے،اصل ملزمان کو گرفتار کرکے جلد پیش کیا جائے گا ۔