امریکا کیلئے چینی ایئر لائنز کی پروازیں 16 جون سے بند کرنے کا فیصلہ، پابندی امریکی فضائی کمپنیوں کو چین کیلئے اجازت نہ ملنے پر لگائی گئی

June 04, 2020

امریکا کیلئے چینی ایئر لائنز کی پروازیں بند کرنے کا فیصلہ

واشنگٹن (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) امریکا نے چین کیساتھ 16جون سے تمام پروازیں معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے ، واشنگٹن نے بیجنگ سے یکم جون سے پسنجر سروس بحالی کی اجازت مانگی تھی لیکن چین نے اسے منع کردیا جس کے جواب میں امریکا نے 16 جون سے چلائی جانے والی چینی ائیر لائنز کو معطل کردیا۔

امریکا کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ چینی پروازوں پر پابندی کا حکم 16 جون سے نافذ العمل ہوگا لیکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ اگر اس سے پہلے اس پر عمل درآمد چاہتے ہیں تو وہ ایسا کرسکتے ہیں۔

بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ چین جتنی امریکی پروازیں چلانے کی اجازت دے گا،اس کی بھی اتنی پروازوں کو امریکا میں آنے کی اجازت دی جائے گی۔اگر وہ ایک پرواز کی اجازت دے گا تو اس کو ایک ہی پرواز چلانے کی اجازت دی جائے گی۔

امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ چینی حکومت ہماری درخواست کی منظوری دینے میں ناکام رہی ہے اور ان کا فیصلہ ہمارے درمیان فضائی ٹرانسپورٹ کے سمجھوتے کی خلاف ورزی ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کے اس اقدام سے امریکا اور چین کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا۔ان میں پہلے ہی دوطرفہ تجارت ،کورونا وائرس کی وبا اور ہانگ کانگ کے معاملے پر تنازع چل رہا ہے۔