طیارہ حادثہ، کسی نے استعفیٰ مانگا نہ دونگا، وزیر ہوابازی

June 05, 2020

طیارہ حادثہ، کسی نے استعفیٰ مانگا نہ دونگا، وزیر ہوابازی

لاہور (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ کراچی طیارہ حادثے میں کسی نے استعفیٰ مانگا ہے اور نہ میں دے رہا ہوں ،حادثے کی ابتدائی انکوائری رپورٹ 22 جون کو عوام کے سامنے پیش کردیں گے۔حادثے کی ذمہ داری ابھی تک کسی پرنہیں ڈالی گئی ۔

پائلٹ کے حوالے سے کچھ افواہیں پھیلائی جارہی ہیں،لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا جہاز کے عملے کے آٹھوں افراد کا تعلق لاہور سے تھا اور وہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ان سب کے اہلخانہ سے ملنے لاہور آئے ہیں۔

انہوں نے کہا قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے والاہے جس کے ایجنڈے میں طیارہ حادثہ بھی شامل ہے اور ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد منصفانہ انکوائری مکمل کرلیں۔ اپنے محکمے کو ہدایت کی ہے کہ ماضی قریب میں ہونے والے تمام حادثات کی مکمل انکوائری رپورٹ بھی پیش کریں.

انہوں نے بتایا کہ 10، 10 لاکھ روپے کے معاوضے تمام وارثان کو پہنچا دئیے گئے ہیں صرف 3 یا 4 کے رہ گئے ہیں اور اس کام کو بھی جلد مکمل کرلیں گے۔جبکہ طیارہ حادثہ انشورنس کے بھی ورثا کو فی کس 50 لاکھ روپے ملیں گے.

عملے کے افراد کے ادارے سے واجبات بھی متاثرہ خاندانوں تک فوری پہنچانے کی ہدایت کردی ہے۔غلام سرور خان نے بتایا طیارے کے گرنے سےگھروں میں کام کرنے والی 3 بچیاں بھی جھلس گئی تھیں جن میں سے ایک جاں بحق ہوگئی، اس کے ورثاء کو 10 لاکھ معاوضہ ادا کردیا ہے، زخمیوں کو 5، 5 لاکھ روپے ادا کیے ہیں۔حکومت نے لوگوں کی املاک کے نقصان کا بھی معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔