امریکہ،سیاہ فام جارج فلائیڈ کی یاد میں تقاریب، طبی عملہ بھی احتجاج میں شامل

June 06, 2020

واشنگٹن(اے ایف پی /جنگ نیوز )امریکہ بھر میں سیاہ فام شہری کی ہلاکت کیخلاف دسویں روز بھی مظاہرے کیے گئےجبکہ کچھ علاقوں میں کرفیو بھی ختم ہوگیا ہے ،جارج فلائیڈ کی یاد میں تقاریب کا انعقا دکیا گیاجن میں طبی عملے اور نامور شخصیات نے شرکت کی ،تفصیلات کے مطابق امریکہ کے مختلف شہروں میں سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کو فلائیڈ کی یاد میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا جن میں کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔ریاست منی سوٹا کے شہر منیاپولس میں فلائیڈ کی یاد میں ہونے والی مرکزی تقریب میں انہیں ایک اچھے باپ اور ʼفیملی مین کے عنوان سے یاد کیا گیا۔منیاپولس کی نارتھ سینٹرل یونیورسٹی میں ہونے والی اس تقریب میں منی سوٹا کی سینیٹر ایمی کلوبچر اور امریکی کانگریس کے متعدد ارکان کے علاوہ کئی نامور شخصیات نے بھی شرکت کی۔تقریب میں شریک لوگوں نے جارج فلائیڈ کی یاد میں آٹھ منٹ 46 سیکنڈز کی خاموشی اختیار کی۔ یہ دورانیہ اتنا تھا، جتنے وقت کے لیے 25 مئی کو پولیس افسر ڈیریک چاون نے جارج فلائیڈ کی گردن کو گھٹنے سے دبائے رکھا تھا۔جارج فلائیڈ کے بھائی فلونیز فلائیڈ بھی تقریب میں شریک تھے۔