کورونا وائرس کے صرف 20 ؍ فیصد کیسز کی وجہ سے وائرس 80؍ فیصد تک پھیلنے میں کامیاب ہوا، نئی تحقیق

June 06, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) وائرس کے وسیع تر پھیلائو والی تقریبات (سپر اسپریڈر ایونٹس) کے حوالے سے ہونے والی ایک تازہ ترین تحقیق میں دنیا بھر میں عوامی پالیسیاں بنانے والوں کیلئے یہ پیغام چھپا ہو سکتا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری ممکنہ لہر سے کیسے نمٹا جا سکتا ہے، اور اس کیلئے سخت لاک ڈائونز کی بھی ضرورت نہیں۔ ’’سپر اسپریڈر‘‘ ایک ایسا متاثرہ شخص ہوتا ہے جو لوگوں کی بڑی تعداد میں وائرس منتقل کر دیتا ہے۔ بڑے پیمانے پر ملنے والے شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ سپر اسپریڈر افراد ہی کورونا وائرس کے پھیلائو کا سب سے بڑا سبب ہیں۔ سپر اسپریڈر افراد پر ہونے والی تازہ ترین تحقیق کے مطابق، ہانگ کانگ کے ماہرین وبائی امراض نے کورونا سے متاثرہ ایک ہزار افراد پر 23؍ جنوری سے 28؍ اپریل تک تحقیق کی جس سے معلوم ہوا کہ صرف 20؍ فیصد افراد کی وجہ سےمجموعی طور پر 80؍ فیصد تک وبا پھیل گئی۔ یہ ایسے اعداد و شمار ہیں جن کی مدد سے دنیا بھر میں عوامی پالیسیوں میں تبدیلیاں اور بہتری لائی جا سکتی ہے۔ آسان الفاظ میں کہا جائے کہ صرف 20؍ افراد نے کسی بھی ایک علاقے کو 80؍ فیصد تک متاثر کیا۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، 350؍ کیسز ایسے تھے جو کمیونٹی کی سطح پر پھیلے، جبکہ باقی کیسز درآمد شدہ تھے۔