سنتھیا کیخلاف مقدمہ اندراج درخواست پر پولیس کو دوبارہ نوٹس

June 08, 2020


اسلام آباد کی عدالت نے امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر پولیس کی جانب سے جواب داخل نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دوبارہ نوٹس جاری کر کے 12 جون تک جواب طلب کر لیا ہے ۔

اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن جج عابدہ سجاد نے شہری وقاص عباسی کی مقدمہ اندراج کی درخواست پر سماعت کی تو عدالتی نوٹس کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا جس پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے 12 جون کے لیے پولیس کو دوبارہ نوٹس جاری کر کے تحریری جواب طلب کر لیا۔

درخواست گزار کی جانب سے چوہدری زاہد آصف اور چوہدری خانزادہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی نے بے نظیر بھٹو کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے اور سوشل میڈیا پر ان کے خلاف بیہودہ کمپین چلائی جس پر پولیس کو امریکی شہری کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی ۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی گئی لہذا عدالت پولیس کو سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کرے۔