کورونا کا شکار خواجہ اظہار کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا

June 13, 2020

کراچی کی عدالت نے بانیٔ ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری کے 27 مقدمات کی سماعت کے دوران خواجہ اظہار الحسن کے وکیل کی استدعا پر خواجہ اظہار کورونا کا شکار ہونے کے باعث حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔

بانیٔ ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری کے مقدمات کی سماعت میں ایم کیو ایم رہنما عامر خان، قمر منصور، رؤف صدیقی، فاروق ستار و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

خواجہ اظہار الحسن کے وکیل کی جانب سے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست اور میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی۔

خواجہ اظہار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ اظہار الحسن کو کورونا وائرس ہوگیا ہے، وہ پیش نہیں ہوسکتے، انہیں عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیئے: وزیر اعلیٰ کی خواجہ اظہار کو یقین دہانی

عدالت نے ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام فریقین کو حاضری یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔