ٹیم میں کم بیک دوبارہ ڈیبیو جیسا لگ رہا ہے، سرفراز

June 13, 2020

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کسی کھلاڑی کے لیے کم بیک کرکے پرفارم کرنا آسان نہیں ہوتا، انگلینڈ کا ٹور ہمیشہ مشکل ہوتا ہے، تاہم کنڈیشنز کا اندازہ ہے۔

سابق کپتان سرفراز احمد نے آن لائن میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ ٹیم میں کم بیک ہوا ہے، ایسا لگتا ہے دوبارہ ڈیبیو ہو رہا ہے۔

سرفراز نے کہا کہ جب بھی موقع ملے گا وہ ٹیم کےلیے بہتر سے بہتر کرنےکی کوشش کریں گے، انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سینچری بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کر ڈالا۔

سابق کپتان کا کہنا تھاکہ ٹیم کے ریگولر ممبر رہنے کے بعد ٹیم سے باہر رہنا مشکل ہوتا ہے، مگر ڈومیسٹک کرکٹ اور پی ایس ایل کی مصروفیات نے کرکٹ سے جوڑے رکھا ہے۔

سرفراز احمد نے بتایا کہ گزشتہ تین چار ماہ میں انہوں نے اپنی فٹنس پر بہت کام کیا ہے، انہوںنے کہا کہ نمبر ون اور نمبر ٹو چلتا رہتا ہے، معین خان اور راشد لطیف کے درمیان بھی ایسا تھا۔

سابق کپتان نے کہا کہ رضوان بھی اچھا پرفارم کررہا ہے، مجھے جب بھی موقع ملے گا پرفارم کروں گا، میں نے بھی شاید غلطیاں کی ہوں گی جس کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوا تاہم اب کوشش ہوگی کہ دوبارہ غلطیاں نہ دہراوں۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اتنا مضبوط کوچنگ پینل اور ٹیم مینجمنٹ پہلے نہیں دیکھی، نوجوان پلیئرز کے پاس اچھا موقع ہے کہ ان سے زیادہ سے زیادہ سیکھیں۔

سابق کپتان نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کا وقت گھر میں گزارا، ٹریننگ کرتے رہے، بچوں کے ساتھ وقت گزارا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیٹنگ نمبر سے مجھے کوئی ایشو نہیں رہا، نانٹیز کو 3 ہندسوں میں بدلنے کی کوشش کروں گا۔