بلوچستان: ساڑھے 465 ارب سے زائد کا ٹیکس فری بجٹ پیش

June 20, 2020

بلوچستان: ساڑھے 465 ارب سے زائد کا ٹیکس فری بجٹ پیش

بلوچستان حکومت نے آئندہ مالی سال2020-21ء کے لیے 465 ارب 52 کروڑ 80 روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش کردیا۔

اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی اسمبلی میں بجٹ اجلاس ہوا، صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے87 ارب خسارے کا بجٹ بلوچستان اسمبلی میں پیش کیا۔

تقریر کے دوران میں 6ہزار840 خالی آسامیوں کا بھی اعلان کیا گیا جبکہ صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان نہیں کیا۔

بلوچستان کے بجٹ میں ترقیاتی مد میں 156 ارب سے زائد اور غیر ترقیاتی مد میں 309 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق بلوچستان کو وفاق سے قابل تقسیم محاصل کی مد میں مجموعی طورپر 302 ارب 90 کروڑ 50 لاکھ روپے ملیں گے۔

بجٹ دستاویز کے مطابق بجٹ میں کورونا وائرس اور آفات سے نمٹنے کے لئے 8ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ حکومت بلوچستان نے کوروناوائرس ایمر جنسی فنڈ کااجراء کیا، جس کیلئے ایک ارب روپے مختص کئے ہیں۔

بلوچستان کےبجٹ میں تعلیم کے لئے70 ارب، صحت کے لئے 50 ارب، مواصلات و تعمیرات کے لئے 45ارب، امن اوامان کیلئے 44ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر شروع ہوتے ہی حزب اختلاف کے اراکین اسمبلی بجٹ دستاویزات اسپیکر کی کرسی کے سامنے رکھ کر اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے۔