وزیراعظم کے بیان سے پاکستان کی ساکھ متاثر ہوئی، نفیسہ شاہ

June 26, 2020

پیپلز پارٹی کی رہنمااور رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اسامہ بن لادن کو شہید کہا جس پر بین الاقوامی میڈیا میں آگ لگ گئی، وزیراعظم کے بیان سے پاکستان کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نفیسہ شاہ نے کہا کہ امید تھی کہ جو زبان کنٹینر پر استعمال کی گئی وہ حکومت میں استعمال نہیں کی جائے گی، کل وزیراعظم نے اپنی کارکردگی پر پارلیمنٹ میں بات کی۔

نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ کابینہ ڈویژن کے دائرہ کار میں وزیراعظم، وزارتیں اور دیگر ادارے آتے ہیں، کابینہ کی کارکردگی کی بنیاد پر کٹوتی کی تحریک پیش کی گئی،وزیراعظم کابینہ کی سربراہی کرتے ہیں، بنیادی مقصد فیصلہ سازی کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو جرمنی جاپان میں فرق نہیں پتہ ہم نے پھر بھی چھوڑ دیا، موسمیاتی تبدیلی کی وزیر نے کہا کووڈ کے 19 نکات ہوتے ہیں، موسمیاتی تبدیلی کی وزیر کے بیان پردنیا بھر میں تمسخر اڑایا گیا۔

اسپیکر اسد قیصر نے نفیسہ شاہ کی تقریر کے دوران پی پی رہنما سے کہا کہ آپ کٹوتی کی تحریک پر بات کریں، سیاسی بات نہ کریں۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ ایک وزیر نے پارلیمنٹ میں حلف پر غلط بیانی کی، حکومت کے فیصلوں سے ہی پیٹرول، گیس، آٹے، دوائیوں کا بحران پیدا ہوا، جبکہ حکومت جیسے فیصلے کر رہی ہے آدھی کابینہ کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔