حقیقی قیادت عوامی ووٹوں سے منتخب ہوتی ہے: شہباز شریف

June 27, 2020

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حقیقی قیادت عوامی ووٹوں سے منتخب ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی قیادت فیصلے کرتے وقت ہمیشہ عوام کےمسائل کو ذہن میں رکھتی ہے۔ پیراشوٹ سےاقتدار میں آنے والے مافیا کے مفادات کا تخفظ کرتے ہیں۔

صدر مسلم لیگ نون نے کہا کہ موجودہ حکومت نےپیٹرول کی قیمت بڑھا کر عوام پر بم گرا دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے قائد حزب اختلاف نے سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹ شیئر کیا تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’یہ مافیاز کی حکومت اور مافیاز کے لیے قائم حکومت جیت گئی ہے اور پاکستانی عوام ہار گئے ہیں۔‘

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا بہت ہی معمولی فائدہ عوام کو پہنچایا گیا اور اس نیازی حکومت نے اب انھیں مہنگائی کے ایک اور طوفان میں جکڑ دیا ہے۔