اب غریب کے پیسوں پر عیاشیوں کا رواج نہیں ہے، شہباز گل

June 27, 2020

اب غریب کے پیسوں پر عیاشیوں کا رواج نہیں ہے، شہباز گل

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ بادشاہ سلامت والا دور نہیں رہا، اب غریب کے پیسوں پر عیاشیوں کا رواج نہیں ہے، سابقہ حکومتوں نے سرکاری پیسہ بے دریغ اڑایا اور شاہانہ انداز زندگی اپنائے۔

شہباز گل نے رانا ثناء اللّٰہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کرپٹ عناصر نے جمہوریت کے نام پر لوٹ مار کی، ڈیووس دوروں پر نواز شریف، شاہد خاقان عباسی اور یوسف رضا گیلانی نے خطیر رقم خرچ کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری کی مثال قائم کی ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ سب سے زیادہ اخراجات نواز شریف کے دورے پر آئے تھے، نواز شریف نے 7 لاکھ 62 ہزار ڈالرز قومی خزانے سے خرچ کیے، جبکہ شاہد خاقان عباسی نے دورے پر 5 لاکھ 61 ہزار ڈالرز خرچ کیے اور یوسف رضا گیلانی کے دورے پر 4 لاکھ 59 ہزار ڈالرز کا خرچ آیا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے 3 روزہ دورے پر صرف 68 ہزار ڈالرز خرچ ہوئے، وزیراعظم نے دورہ امریکا پر بھی کفایت شعاری کی مثال قائم کی تھی۔

شہباز گل نے کہا کہ جولائی 2019 میں عمران خان کے دورہ واشنگٹن پر 67 ہزار 180 ڈالرز خرچ ہوئے تھے، جبکہ نواز شریف نے 2013 میں 5 لاکھ 49 ہزار 853 ڈالرز خرچ کیے اور 2009 میں آصف زرداری نے 7 لاکھ 52 ہزار 688 ڈالرز خرچ کیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ نیویارک بھی کم ترین اخراجات میں مکمل کیا تھا، دورہ نیویارک پر ایک لاکھ 62 ہزار 578 ڈالرز کی کم ترین لاگت آئی تھی، جبکہ آصف زرداری نے نیویارک دورے پر 13 لاکھ 9 ہزار 620 ڈالرز خرچ کیے تھے اور نواز شریف نے نیویارک دورے پر 11 لاکھ 13 ہزار 142 ڈالرز خرچ کیے تھے، جبکہ شاہد خاقان عباسی نے نیویارک کا دورہ کیا تو 7 لاکھ 5 ہزار 19 ڈالرز خرچ کیے تھے۔