پی ای سی کا اجلاس، ٹیسٹ لینے یا نہ لینے کا اختیار جامعات پر چھوڑ دیا گیا

June 30, 2020

کراچی( سید محمد عسکری ) پاکستان انجینئرنگ کونسل کی وائس چانسلرزکمیٹی نے کورونا کے باعث ملک بھر کی انجینئرنگ جامعات میں بیچلر ز سال اوّل کے داخلوں کے سلسلے میں ٹیسٹ لینے یا نہ لینے کا اختیار جامعات پر چھوڑ دیا ہے پیر کو پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیرمین جاوید سلیم قریشی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں طے کیا گیا کہ اگر کوئی جامعہ داخلہ ٹیسٹ نہیں لینا چاہتی تو اسے اس کی منظوری پاکستان انجینئرنگ کونسل سے لینی ہوگی اور دو دن کے اندر پاکستان انجینئرنگ کونسل اس کی منظوری دیدی گی اجلاس میں طے کیا گیا کہ ہر جامعہ میں یکساں پالیسی کا اطلاق ہوگا یہ نہیں ہوگا کہ نصف امیدوار ٹیسٹ دیں اور باقی نصف سے انٹرویو لیئے جائیں۔ اجلاس میں بلوچستان اور خیبر پختون خواہ کی جامعات کے وائس چانسلرز نے کہا کہ ان کے امیدوار دور دراز علاقوں سے آتے ہیں ان کے پاس قیام اور دیگر سہولتوں کے لئے جگہ اور وسائل نہیں چنانچہ ان حالات میں ٹیسٹ لینا ممکن نہیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ داخلے انٹر سال اوّل کی بنیاد پر ہوں گے۔