PSX حملہ: دہشتگردوں کو ہلاک کرنے والے رفیق سومرو کے گھر جشن کا سماں

June 30, 2020

پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے اور دہشت گردوں کا صفایا کرنے والے اہلکاروں میں شامل رفیق سومرو کے گھر پر جش کا سماں ہے۔

ریپڈ ریسپانس فورس کے اہلکار رفیق سومرو کا تعلق سندھ کے پسماندہ علاقے عمر کوٹ سے ہے۔

رفیق سومرو کے والد اور بھائی آنے والے مہمانوں سے مبارکبادیں وصول کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ قوم کی خدمت کرکے رفیق سومرو نے ان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

گھر پر آنے والے مہمانوں کی مٹھائی سے تواضح بھی کی جارہی ہے جبکہ اہل خانہ خوشی اور فخر سے نہال ہیں۔

رفیق سومرو کے بھائی کہتے ہیں کہ رفیق سومرو کو بچپن سے فورس میں شمولیت کا شوق تھا۔

وطن کی مٹی اور اس کے شہریوں کے تحفظ کی قسم کھانے والے بہادر اہلکاروں نے ایک بار پھر اپنی شاندار روایات کی پاسداری کرتے ہوئے بہادری اور کامیابی کی داستان رقم کی ہے۔