کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک کروڑ ساڑھے چار لاکھ سے تجاوز

July 01, 2020

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک کروڑ ساڑھے چار لاکھ سے تجاوز کر گئی جبکہ پانچ لاکھ دس ہزار سے زیادہ افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ اس بیماری سے پانچ لاکھ ستر ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔

یورپی یونین نے پندرہ ممالک کے لیے وسط مارچ سے بند اپنی سرحدیں کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان ممالک میں جاپان، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ شامل ہیں۔ تاہم امریکا، بھارت، پاکستان اور جنوبی ایشیائی ممالک پر پابندی برقرار ہے۔ چین کو مساوی اقدام کی شرط پر لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

بھارت میں ایک ہفتے میں کورونا کے ایک لاکھ نئے مریض سامنے آنے پر ریاست مہاراشٹرا اور تامل ناڈو میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب کورونا کے کیسز بڑھنے پر امریکی ریاست ٹیکساس اور فلوریڈا نے دوبارہ پابندیاں سخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ آسٹریلیا کی دو ریاستوں نے بھی اپنی سرحدیں مزید چند ہفتے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔