ایکٹ 74 میں 14ویں ترمیم منظور نہیں، چوہدری عظیم

July 02, 2020

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) اوورسیز کشمیری، کشمیر کے جغرافیائی نظریاتی اور قومی تشخص پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ایکٹ74میں 14ویں ترمیم منظور نہیں۔ ان خیالات کا اظہار کل جماعتی کشمیر بین الاقوامی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ آل پارٹیز کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدر چوہدری عظیم کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں جنرل سیکرٹری راجہ امجد خان، ممبران چوہدری خادم حسین، حاجی بشیر آرائیں، چوہدری ارشاد عزیز، حاجی تعظیم، چوہدری ظفر اقبال ایڈووکیٹ کے علاوہ دیگر ممبران نے شرکت کی، صدر چوہدری محمد عظیم کا کہنا تھا۔ ان حالات میں جب کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں لگے کرفیو کو ایک سال ہونے کو ہے۔ اوپر سے کورونا وائرس کے دہرے لاک ڈائون کا سامنا بھی ہے۔ چین اور بھارت کی سرحدوں پر کشیدگی جاری ہے۔ ایسے نازک موقع پر ایکٹ74 میں ترمیم کو کشمیری کبھی بھی قبول نہیں کریں گے اور دنیا میں اچھا پیغام بھی نہیں جائے گا۔جنرل سیکرٹری راجہ امجد خان کا کہنا تھا کہ اوورسیز کشمیری کبھی بھی کشمیر کے قومی تشخص، جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے ردوبدل پر کمپرومائز نہیں کریں گے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی حتمی آزادی تک آزاد ریاست جوکہ کشمیر کی آزادی کا بیس کیمپ ہے، ایکٹ74کے ذریعے ہی حاصل اختیارات سے کام چلایا جائے۔ کسی بھی نئی تبدیلی سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی متاثر ہوگی۔ چوہدری خادم حسین نے کہا آزاد کشمیر اسمبلی میں پہلے ہی مہاجرین کی12نشتیں ہیں، اب نئی تجویزمیں مزید12سیٹوں کا اضافہ کسی بھی لحاظ سے مناسب نہیں۔ اس سے کشمیریوں کا حق رائے دہی متاثر ہوگا، کشمیریوں کی آواز عالمی سطح پر مزید کمزور ہوگی۔ بلکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ آزاد کشمیر میں گزشتہ تین دہائیوں سے التوا میں پڑے ہوئے بلدیاتی الیکشن آئندہ جنرل ایکشن سے قبل کراکر اختیارات کو نچلی سطح پر مستقل کیا جائے تاکہ ترقی کا عمل تیز ہوسکے۔ حاجی بشیر آرائیں کا کہنا تھا کہ جیسے کہتے ہیں کہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے، ایسے ہی بھارت کشمیریوں، پاکستانیوں کی زبان نہیں سمجھتا اسے چینی زبان سمجھ آتی ہے۔چوہدری ظفر اقبال ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ اس نئی ترمیم کے مسودے میں اعلیٰ عدلیہ آزاد کشمیرمیں تقرریاں بھی پاکستان سے ہوں گی جو زیادتی ہے۔ آزاد خطہ میں سپریم کورٹ ہائی کورٹ میں ججز کی تعیناتی صدر اور وزیراعظم سمیت وزیر قانون وغیرہ مل کر کریں تو انصاف کا بول بولا ہوگا۔ چوہدری ارشاد عزیر کا کہنا تھا کہ لینٹ آفیسر پاکستان سے تعینات ہوتے ہیں جبکہ آزاد خطے میں تعلیم اور معیار کی کمی نہیں، یہاں سے تعیناتیاں ہوں تو نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ کیپشنبرمنگھم: آل پارٹیز کشمیر رابطہ کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت صدر چوہدری محمد عظیم منعقد ہوا جس میں راجہ امجد خان، چوہدری خادم حسین، حاجی بشیر آرائیں، چوہدری ظفر اقبال، حاجی تعظیم اور دیگرکورونا سماجی فاصلوں کو مدنظر رکھتے ہوئےشریک ہیں۔