وفاق نے سستی چینی خریدنے کا موقع گنوادیا، یوٹیلیٹی اسٹورزکیلئے مہنگی خریدی

July 02, 2020

وفاق نے سستی چینی خریدنے کا موقع گنوادیا، یوٹیلیٹی اسٹورزکیلئے مہنگی خریدی

کراچی(ٹی وی رپورٹ)چینی کی خریداری کے معاملے پر حکومت کو لینے کے دینے پڑ گئے۔ وفاقی حکومت نے شوگر ملز کی جانب سے سستی چینی خریدنے کا موقع گنوادیا۔

شوگر ملز نے 70 روپے فی کلو کے حساب سے 60 ہزار ٹن چینی 25 جون تک اٹھانے کی پیشکش کی لیکن حکومت کاغذی کارروائیوں میں الجھی رہی اور ڈیڈ لائن گزر گئی۔

بعد میں یہی چینی کم سے کم بولی 78 روپے 33 پیسے فی کلو میں خریدی گئی جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز ذرائع کے مطابق پیپرا قوانین سے استثنیٰ مل جاتا تو دو تین دن میں دستیاب چینی اٹھائی جاسکتی تھی تاہم اب یوٹیلٹی اسٹورز نے مہنگی چینی اٹھانے کے پرچیز آرڈر بھی جاری کردیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شوگر ملوں نے حکومت کو 12 جون کو 70 روپے کلو پر چینی فراہمی کی پیشکش کی جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز نے شوگرملوں کو 13 جون کو 63 روپے کلو پر چینی فراہمی کے لیے خط لکھا لیکن شوگرملوں نے 63 روپے کلو پر چینی دینے سے انکار کیا اور 70 روپے پر فراہمی پر اصرار کیا۔