بھارتی فوج کورونا سے بڑی بیماری بن چکی ہے: شاہد مجید

July 02, 2020

کشمیر یکجہتی فورم جاپان کے آرگنائزر شاہد مجید ایڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کورونا سے بڑی بیماری بن چکی ہے۔

شاہد مجید نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں 3 سالہ نواسے کے سامنے اسکے نانا کو گولی مارنے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور دنیا بھر میں کشمیری برادری سے احتجاج کی اپیل کی ہے۔

چڑھتے سورج کی سرزمین جاپان سے کشمیری رہنما شاہد مجید نے کہا ہے کہ ہر فورم پر اس کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔

جاپان کی وزارت خارجہ کی جانب سے بھارتی سفارتخانہ ٹوکیو اور اقوام متحدہ کو احتجاجی خطوط لکھے جائیں گے۔

کشمیر یکجہتی فورم جاپان کے آرگنائزر شاہد مجید نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہوجانے والے بزرگ شہری کی لاش پر بیٹھے ان کے نواسے کی تصویر دنیا بھر میں وائرل ہوگئی ہے جس پر عالمی دنیا کو فوری ایکشن لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی کارروائیاں ناصرف قابل مذمت ہیں بلکہ بھارتی جمہوریت کے لئے ایک شرمناک بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا ناحق خون بہایا جارہا ہے، بھارتی فوج کو فوری طور پر کشمیر سے نکل جانے کا حکم دیا جائے اور حکومت پاکستان کو چاہیے کہ ہر فورم پر اس ظلم کو بے نقاب کرے۔

شاہد مجید نے نے عالمی دنیا سے اپیل کی ہے کہ 3 سالہ بچے کی سامنے گولی مارنے کی عالمی سطح پر تحقیقات کی جائیں۔

انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ بھارتی فوج کورونا سے بڑی بیماری بن چکی ہے مگر ان کو یاد رکھنا چاہیے کہ کشمیری قوم اب کفن پہن چکی ہے، آزادی تک بھارتی حکومت لاشیں گراتی جائے مگر کشمیری عوام پیچھے نہیں ہٹے گی۔