مطالبات کی منظوری کیلئے ٹرانسپورٹرز کی 3دن کی ڈیڈ لائن

July 04, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹرانسپورٹرز نے اپنے مطالبات پر عمل درآمد کے لیے 3دن کی ڈیڈ لائن دے دی۔سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کے رہنمائوں کیپٹن (ر) آصف محمود، محمدحنیف خان مروت، ملک محمدریاض اعوان، حاجی رب نو ازمظفر،سرداررحیم دادخان محسو د اور اختر سعید خان نےپیپلز پارٹی کی قیادت اور وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ ٹرانسپورٹ ورکرز کو فاقہ کشی سے بچانے اور غریب عوام کو سستی سہولت کی فراہمی کیلئے فوری انٹرسٹی اور بین الصوبائی بس اوروین پرسے پابندی ختم کی جائے۔ اگرہمارے مطالبات پرآئندہ تین دن تک عمل نہیں کیاجاتاتوپھر ہم مجبوراًاسڑکوں پرآئیں گے اوراحتجاجی کیمپ لگائیں گے۔وہ جمعہ کو یہاں کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اورنیشنل کوآرڈینشن کمیٹی کے احکامات پر اب قریباً تمام کاروبارکھل گئے اور دیگر صوبوں نے ایس او پیز کے تحت انٹر سٹی کے ساتھ ساتھ بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ کھول دی، لیکن صرف صوبہ سندھ میں وزارت ٹرانسپورٹ ضدپراڑی ہوئی ہے ۔