بجلی مہنگی، فیصلہ واپس لیا جائے، کے الیکٹرک عوام کا خون چوس رہی ہے

July 04, 2020

کراچی(طاہر عزیز/اسٹاف رپورٹر) اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی مہنگی کرنے کے فیصلے پرشہریوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کی منظوری نہ دیں‘وفاقی حکومت فیصلہ واپس لے۔

کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ کے ذریعے پہلے ہی عوام کا خون چوس رہاہے ‘ کراچی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی نجکاری کو پندرہ سال ہو گئے لیکن ادارہ آج تک وعدے کے مطابق اپنے صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔

اگر مناسب سرمایہ کاری کی ہوتی تو گرمیوں میں دس اور بارہ گھنٹے کی لوشیڈنگ اور بریک ڈاون نہ ہوتے جبکہ شہریوں کو کے الیکٹرک سے اووربلنگ کی بھی بہت شکایات ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ جب پہلے ہی مختلف بہانوں سے ان سے زیادہ بل وصول کر لئے جاتے ہیں تو ایسے میں کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی ٹیرف میں 2 روپے 89 پیسے تک اضا فہ کرنا مناسب نہیں ہو گا‘ لوڈ شیڈنگ سے ستائے کراچی کے شہریوں کے لیے یہ برا فیصلہ ہو گا۔

وفاقی حکومت اس فیصلے کو واپس لے‘اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کو عام صارفین کے ساتھ کمرشل،صنعتی اور تاجر برادری نے بھی واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔