سب سے زیادہ کورونا سندھ میں پھیلا ہے، شہباز گل

July 04, 2020


وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے سب سے زیادہ کورونا سندھ میں پھیلا اور پھیل رہا ہے، کدھر ہے وہان کا سخت ترین لاک ڈاؤن ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کہتے ہیں سب سے زیادہ کورونا مریض سندھ میں صحت یاب ہوئے، یہ فخر کی بات نہیں ہے ، پرچی چیئرمین اس کا مطلب سب سے زیادہ سندھ میں لوگ بیمار ہوئے تھے۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ کورونا سندھ میں پھیلا اور پھیل رہا ہے، کدھر ہے آپ کا سخت ترین لاک ڈاؤن ـ؟۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ہر بات پریس کانفرنس کی حد تک ہے، حقیقت میں زیرو ہے، کاروکاری، اغوا، گھوسٹ اسکول اور اسپتال، نہ غریب عوام کا کوئی پرسان حال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر روز بے بی بلاول سمیت ہر وزیر، وفاقی حکومت کو بھاشن دینے شروع ہوجاتے ہیں۔

شہباز گل نے مزید کہا کہ 30 سال سے اس طرح کے واقعات ہی سندھ کے غریب عوام کا مقدر ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں میں سندھ سب سے آگے ہے، صوبے میں 46 ہزار 824 افراد کورونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں صحت یاب ہونے والے افراد کا تناسب ملک بھر میں کورونا کو شکست دینے والے ایک لاکھ افراد کا 46 فیصد ہے، یوں کورونا کو شکست دینے والوں میں سندھ سب سے آگے ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا تھا کہ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق صوبہ سندھ میں 89 ہزار 225 افراد میں کورونا کی تصدیق کی گئی، جن میں سے 49 ہزار 926 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔