مسلم کمیونٹی کا مساجد کھولنے پر اظہار مسرت

July 06, 2020

ہیلی فیکس (زاہد انور مرزا) مسلم کمیونٹی نے مساجد کو کھولنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے، کورونا وبا کے باعث بند کئے جانے کے بعد تقریباً تین ماہ کے بعد مدارس و مساجد کو 4جولائی کو کھول دیا گیا، کالڈر ڈیل کونسل آف مساجد اور پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی جانب سے نمازیوں کو ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے، جائے نماز ساتھ لانے، شوز کیلئے بیگ اور وضو گھر سے کرکے آنے کی خصوصی طور پر ہدایات دی گئی ہیں جب کہ مسجد میں داخل ہوتے ہی اپنے ہاتھ بیس سیکنڈ کیلئے دھونے ہوں گے، مسجد نماز سے تقریباً 15منٹ پہلے کھولی جائے گی اور نماز کے فوراً بعد بند کردی جائے گی، سنت و نوافل گھر پر ادا کرنے ہوں گے، خواتین، عمررسیدہ، بیمار حضرات اور بارہ سال سے کم عمر کے بچے بھی گھر نماز ادا کریں گے، کالڈر ڈیل کونسل آف مساجد کے چیئرمین ندیم میر نے جنگ و جیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالڈر ڈیل کونسل نے نمازیوں کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ نمازی حضرات ایک محفوظ طریقے سے مسجد میں نماز ادا کرسکیں، انہوں نے کہا کہ یہ مسلم کمیونٹی کیلئے ایک بڑی خوشخبری ہے کہ 4جولائی سے مساجد کھول دی گئی ہیں لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم کونسل آف مساجد کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کریں، ہیلی فیکس کی تمام مساجد ومدارس میں مساجد کھولنے سے پہلے تمام انتظامات کو مکمل کیا گیا اور نمازیوں کیلئے ون وے سسٹم کیا گیا ۔ مساجد ومدارس نے نمازی حضرات سے ان ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔