5جولائی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا‘ پیپلز پارٹی

July 06, 2020

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے)5 جولائی 1977ء کے مارشل لاء کیخلاف اتوار کو پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام یوم سیاہ منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف تنظیموں کے زیراہتمام تقریبات ہوئیں۔ پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی کا مذمتی اجلاس جنرل سیکرٹری پی پی پی راولپنڈی سٹی چوہدری افتخار احمد کے زیراہتمام ہوا۔ جس میں جمیل قریشی، راجہ الطاف حسین، راجہ محمد علی منہاس سمیت یونین کونسل عہدداران و کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر کہا گیا کہ 5جولائی تاریخ میں ہمیشہ سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا۔ پیپلز لیبر بیورو سنٹرل پنجاب کے صوبائی صدر سید نذر حسین شاہ، جنرل سیکرٹری ساجد گجر اور سیکرٹری اطلاعات سجاد حسین ساجد نے کہا کہ جنرل ضیاء نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد جہاں جمہوری ادارے کو تباہ کر دیا وہاں ملک میں ٹریڈ یونین ازم کا بھی گلا گھونٹ دیا گیا۔ پیپلز ٹریڈرز سیل کی تقریب میں طارق وحید بٹ، نوید کنول اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ پیپلز پارٹی ضلع راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری توقیر عباسی اور انفارمیشن سیکرٹری محمد شاہد نے کہا کہ بھٹو کو مارنے والوں کا آج کوئی نام لیوا بھی نہیں جبکہ بھٹو آج بھی کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہے۔ پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی ضلعی صدر سمیرا گل، پنجاب کے نائب صدر چوہدری اسد پرویز اور ضلعی صدر چوہدری ظہیر نے کہا کہ جمہوری قوتیں ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود اور انکے حقوق کا تحفظ مقدم رکھتی ہیں۔ راجہ عمران، شیخ یونس، عذرا یونس، سید علی حسین، شیخ خرم، سہیل اشتیاق، شجاعت نقوی، حاجی متین، ماسٹر لطیف، قاسم کوہستانی، ارشد خان، راجہ جمیل، عمران بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔