قصوربار کے وکلا پر تشدد اور جھوٹی ایف آئی آر درج کرنے کیخلاف وکلا آج عدالتوں میں پیش نہیں ہونگے

July 07, 2020

لاہور (خبرنگار خصوصی )پنجاب بار کونسل کے ذمہ داروں کی جانب سے قصوربار ایسوسی ایشن کے وکلا مرزا شاہد بیگ ایڈووکیٹ اور ساجد محمود ایڈووکیٹ اور ان کے کزن کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے، پنجاب بار کونسل کے وائس چیئر مین اکرم خاکسار ، چیئر مین ایگزیکٹو کمیٹی جمیل اصغر بھٹی ممبران غلام سرور نہنگ ، رانا محمد سعید اختر ، محمد سعید بھٹہ ، واصف علی چودھری ، عبدالصمد خان بسریا ، محمد عاصم چیمہ ، منور اقبال گوندل سمیت دیگر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مرزا شاہد بیگ ایڈووکیٹ وغیرہ اپنے ایک عزیز کی فوتیدگی کا افسوس کر کے واپس آرہے تھے کہ راستے میں انہیں روک لیا جس کی وجہ پوچھنے پر انہوں نے ان کو زبردستی اپنے سرکاری ڈالے میں نامعلوم جگہ پر لے جاکر ان پر تشدد کرتے رہے بعدازاں ان کے خلاف انٹی نارکوٹکس فورس کامقدمہ درج کرا دیا جس میں ان پر 21 کلو ہیروئن کی بے بنیاد برآمدگی ظاہر کر دی ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے وکلا برادری ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان پر لگایا گیا الزام خود ساختہ ہے ۔ جمیل اصغر بھٹی نے مقتدر اداروں اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس جھوٹے اور بے بنیاد مقدمہ کی وکلا برادری اور ملک کے امن و امان پر مامور رینجرز کے محکمہ کے درمیان اختلافات اور محاذ اآرائی پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔