بجلی کے نرخوں میں اضافہ فوری موخرکیا جائے، متحدہ

July 07, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان نے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کراچی کے لیے بجلی کے نرخوں میں اضافہ فی الفورموخرکیا جائے۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا ایک ہنگامی اجلاس پیر کو یہاں متحدہ کے مرکز بہادرآباد میں سینئرڈپٹی کنوینر عامر خان کی صدارت میں ہوا، جس میں کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں غیراعلانہ لوڈشیڈنگ، زائد بلنگ اور بجلی کے نرخوں میں اضافے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عندیہ دیا گیا کہ ایم کیوایم کے وفاقی وزیر، سینٹرز،ارکان قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی کے الیکٹرک کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے متحدہ کے مطالبے کے برعکس بلاجواز بجلی کے نرخ بڑھادیے گئے،گورنر ہاؤس میں ہوئے کے الیکٹرک سے متعلق اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی ایم کیوایم سمیت کسی اتحادی کو مطمئن نہ کرسکے،کے الیکٹرک اپنی ہٹ دھرمی پرقائم ہے،مزید یہ کہ نیپرا نے بھی نرخوں میں اضافے کی اجازت دے کر کراچی کے عوام پر ظلم کیا،نالوں کی صفائی کے لیے ورلڈ بینک نے فنڈ جاری کردیا، لیکن سندھ حکومت نے ابھی تک کوئی خاطرخواہ اقدامات نہیں کیے۔