ملک بھر میں 2150 آکسیجن بیڈز کی ضرورت ہے، این ڈی ایم اے

July 07, 2020

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ ملک بھر میں 2150 آکسیجن بیڈز کی ضرورت ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے انتہائی نگہداشت یونٹس (آئی سی یو) کی استعداد میں اضافے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کو ملک بھر میں 2150 آکسیجن بیڈز کی ضرورت سے آگاہ کیا گیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے نے اسپتالوں کا جائزہ لیکر 2500 آکسیجن بیڈز کی تنصیب پر کام شروع کردیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ منصوبے میں آئی سی یو بیڈز، آکسیجن پائپنگ اور سلنڈر کی فراہمی شامل ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ان بیڈز کے لیے وینٹیلیٹرز، بائی پیپ، نیزل کونولہ اور پلس آکسی میٹرز کی فراہمی بھی منصوبے میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2500 آکسیجن بیڈز کی تنصیب کا منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہونا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ پہلے فیز میں 5 جولائی تک 1434 آکسیجن بیڈز کی تمام سہولیات کے ساتھ تنصیب مکمل کردی گئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دوسرے فیز میں 1066 مزید آکسیجن بیڈز کی تنصیب 31 جولائی تک کی جائے گی۔