کراچی میں بارش: مختلف حادثات میں اموات 9 ہوگئیں

July 07, 2020


کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش ہوگئی، کل سے آج تک مختلف حادثات میں مرنے والوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

بارش کے باعث رونما ہونے والے حادثات میں جان کی بازی ہارنے والوں میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق کورنگی ابراہیم حیدری میں مکان کی دیوار گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوئے، پی ایم ٹی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، ابراہیم حیدری میں ایک اور مکان کی چھت گرنے سے دو بجے جاں بحق ہوئے۔

لیاقت آباد میں انگورہ گوٹھ میں دیوار گرنے سے خاتون جاں بحق ہوئی، ملیر شمسی سوسائٹی میں گھر کی دیوار گرنے سے کمسن بچی جبکہ کیماڑی مسان چوک پر گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

کراچی میں آج بھی بادل برسے، لانڈھی، کورنگی، گلشن حدید، بھینس کالونی میں خوب بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے بعض علاقوں میں 30 سے 40 ملی میٹر تک بارش بھی ہوسکتی ہے۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں آج پھر بارش ہوسکتی ہے جبکہ برسات سے پہلے تیز ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔

بعض علاقوں میں اب تک بجلی بحال نہ ہوسکی

دوسری جانب شہر قائد میں گزشتہ روز ہونے بارش کے بعد بعض علاقوں میں اب تک بجلی بحال نہ ہوسکی۔ ابراہیم حیدری سمیت ملحقہ علاقوں میں 20 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

بارش کے بعد فیڈر ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی وجوہات پر بجلی کی بندش طویل ہوئی تو شہر کے مختلف مقامات پر عوام کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا۔

سرجانی ٹاؤن، خدا کی بستی، گڈاپ، کاٹھور، لیاری اور ابراہیم حیدری میں بجلی کی آٹھ سے دس گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ رہی۔

یہی صورتحال لائنز ایریا میں بھی رہی جہاں 14 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے بعد عوام نے کوریڈور تھری پر احتجاج کیا، عوام نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بھی کے الیکٹرک کے خلاف سخت احتجاج ریکارڈ کروایا۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کا کام جاری ہے تاہم پانی جمع ہونے کے باعث بحالی کے کام میں مشکلات کا سامنا ہے۔