کراچی: کئی علاقوں میں 20 گھنٹوں سے بجلی غائب

July 07, 2020


کراچی میں چند منٹ کی بارش کل ہوئی پر بجلی آج بھی نہ آسکی، لوڈشیڈنگ شہریوں کے دگنا عذاب بن گئی۔

شہر کے کئی علاقوں میں بجلی معطلی 20 سے زائد گھنٹے گزر گئے، تاحال بجلی بحال نہ ہوسکی۔

ابراہیم حیدری، شاہ فیصل، ماڈل کالونی سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی کل سے معطل ہے۔

سرجانی ٹاؤن، گڈاپ ،کاٹھور میں لوڈشیڈنگ جاری ہے جبکہ لائنز ایریا میں 14 گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہنے پر شہریوں نے احتجاج کیا۔

ڈیفنس، سولجر بازار، پی ای سی ایچ ایس، ملیر، سعود آباد، کھوکھرا پار، فیڈرل بی ایریا، کورنگی سمیت مختلف علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ پر نیپرا نے نوٹس لے لیا ہے، جمعے کو سماعت کرے گی، جس میں عوام کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔