درآمدات زیادہ، برآمدات کم، 2019-20 میں تجارتی خسارہ 23 ارب ڈالر رہا

July 08, 2020

اسلام آباد(مہتاب حیدر) ملکی درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی ‘مالی سال 2019-20ءمیں پاکستان کا تجارتی خسارہ 27 فیصد گھٹ کر 23ارب 18کروڑڈالر ہوگیا ۔ 2018-19میں یہ خسارہ 31ارب 80کروڑ ڈالر تھا۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 30جون 2020ءکو ختم ہونے والے مالی سال کے اختتام پر ملکی برآمدات 21.387ارب ڈالر رہیں جبکہ اس کا ہدف 24ارب ڈالر رکھاگیاتھا۔2018-19ء میں پاکستان نے 22.958ارب ڈالر کی اشیاء برآمد کی تھیں جس سے ظاہرہوتاہے کہ 2018-19ء کے مقابلے میں گزشتہ مالی سال ملکی برآمدات میں 6.8 فیصد کمی آئی ۔

کووڈ19کی وباکے پیش نظر گزشتہ مالی سال ملکی برآمدات میں 4سے 5ارب ڈالرکمی کا تخمینہ لگایا گیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال ملکی درآمدات44ارب ڈالر رہیں جو 2018-19ءکے مقابلے میں 18.6فیصد کم ہیں‘ 2018-19ء میں 54ارب 70کروڑڈالر کی اشیاءدرآمد کی گئیں تھیں ۔

اس طرح 2018-19ء کے 31.805ارب ڈالرکے مقابلے میں گزشتہ مالی سال مجموعی تجارتی خسارہ 27.11فیصد کم ہوکر 23.183ارب ڈالر رہا۔جون 2020ء میں برآمدات کا حجم 1.592ارب ڈالر رہاجو جون 2019ءکے 1.703ارب ڈالرکے مقابلے میں 6.52فیصد کم ہے ۔