متبرکات کی نمائش سے لوگوں کو روحانی سکون ملے گا، ریکٹر اسلامی یونیورسٹی

July 08, 2020

اسلام آباد( خصوصی نمائندہ،کامرس رپورٹر ) انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے یونیورسٹی کے اعلیٰ سطح کے وفد کےہمراہ اسلام آباد کے ایک بڑے مال میں مقدس نوادرات و متبرکات کی نمائش دیکھی۔ یونیورسٹی کے قائم مقام صدر ڈاکٹر نوید اقدس، نائب صدور پروفیسر ڈاکٹر نبی بخش جمانی، پروفیسر ڈاکٹر طاہر خلیلی ، پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ ضیاء، ڈائریکٹرز جنرل پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، پروفیسر ڈاکٹر طاہر محمود ، ڈاکٹر ایم مشتاق احمد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید، چیئرمین میڈیا اینڈ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال اور پروٹوکول انچارج فاروق عادل یونیورسٹی بھی وفد میں شامل تھے۔ ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی اور یونیورسٹی کے دیگر عہدیداران نمائش میں غلاف کعبہ، پردہ باب الکعبہ، چادر روضہ رسول اور دیگر متبرکات کے روح پرور مناظر سے متاثر ہوئے اور کورونا وبا سے بچاؤ کیلئے حکومت کے مقرر کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد پر مال کی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر نے کہا کہ انتظامیہ نے ایک ایسے ایونٹ کا اہتمام کر کے شاندار اقدام کیا ہے جس سے ملک کے وباء سے پریشان لوگوں کو روحانی سکون میسر آ سکے گا۔ ڈاکٹر معصوم یاسین زئی اور ان کے وفد کے ارکان نے کہا کہ چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان اور سردار یاسر الیاس خان کی یہ کاوش انتہائی قابل تحسین ہے۔