یونیورسٹی اسکینڈل:سرکردہ کو آسانی سے بری نہیں ہونے دینگے،پشتون ایس ایف

July 08, 2020

کوئٹہ (آئی این پی) پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں تعلیم کو حالیہ درپیش مسائل اور یونیورسٹی اسکینڈل پر پشتون ایس ایف کی نظریں دیگر طلبا تنظیموں سمیت مرکوز ہیں۔ یونیورسٹی اسکینڈل کے سرکردہ کو آسانی سے بری نہیں ہونے دیں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ سال طالبات کی عزت کے ساتھ جو کھیل کھیلا گیایہ معمولی ہراسمنٹ کیسز نہیں تھے ، اس واقعے نے طالبات کو تعلیمی سلسلے کو قرار رکھنے سے محروم کیا بلکہ ان کو نفسیاتی مریض بنا دیاہمارے صوبے میں جہاں پہلے ہی شرح خواندگی اور تعلیم کا فقدان ہے اس اسکینڈل نے طالبات کے والدین کے حوصلے اور بھی پست کئے، حالیہ انکوائری جو نہایت سطحی بنیادوں پر کی گئی نہ مسئلے کا حل ہے اور نہ ہی ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچا سکتی ہے، اس سلسلے میں معزز عدالت سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اس معاملے کا باریک بینی سے جانچ پڑتال کرے اور ایسے لوگ جو معاشرے اور انسانیت کے دشمن ہیں ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ علاوہ ازیں تنظیم میں گروپ بندی کو فروغ دینے، انتشار پھیلانے اور تنظیمی ڈسپلن کی مسلسل خلاف ورزی پر تنظیم کے رکن زاہد خان کی بنیادی رکنیت ختم کردی گئی۔