سارو گنگولی نے خود ہی ایشیا کپ کی منسوخی کا اعلان کردیا

July 08, 2020

دادا کی دادا گیری، نہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو پتا، نہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو علم ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سارو گنگولی نے اپنی طرف سے ہی ایشیا کپ کی منسوخی کا اعلان کردیا۔

ایشیا کپ رواں سال ستمبر میں شیڈول ہے، ایک بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں بی سی سی آئی کے صدر ساور گنگولی نے بتایا کہ ستمبر میں شیڈولڈ ایشیا کپ منسوخ کردیا گیا ہے، بھارتی کرکٹ ٹیم دسمبر میں سیریز کے لیے حکمت عملی بنا رہی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سارو گنگولی کے اس بیان پر لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ایسا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے جس میں ایونٹ کی منسوخی کے بارے میں بتایا گیا ہو۔

اے سی سی کی ٹیلی کانفرنس آج متوقع ہے جس میں کوئی فیصلہ کیا جاسکتا ہے، اے سی سی کے اعلان سے قبل ہی بھارتی بورڈ کے صدر نے ٹورنامنٹ منسوخ کروا دیا۔

ایشیا کپ رواں سال پاکستان میں شیڈولڈ ہے، پی سی بی نے ایشیا کپ کی میزبانی سری لنکا کے ساتھ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔