کم وزن روٹی فروخت کرنیوالے 46نانبائی گرفتار‘8 ریسٹورنٹس سیل

July 11, 2020

پشاور (وقائع نگار) ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر سٹی سارہ رحمان نے چارسدہ روڈ، دلزاک روڈ اور رنگ روڈ پر مختلف دکانوں ریسٹورنٹس اور نانبائیوں کی دکانوں میں روٹی کے وزن کا معائنہ کیا، کاروائی کے دوران ریسٹورنٹس کے احاطے میں کھانا کھلانے پر 8 ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا گیا۔کاروائیوں کے دوران پشاور بھر سے مجموعی طور پر 187 افراد کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا جن میں کم وزن روٹی فروخت کرنے والے 46 نانبائی بھی شامل ہیں جبکہ پشاور بھر میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 54دکانوں کو بھی سیل کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغرنے عوام اور تاجروں کو ہدایت کی ہے کہ گھروں سے باہر نکلتے وقت سےٖفٹی ماسک کا استعمال ضرور کریں اور حکومتی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کریں بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔