تعمیراتی ٹیکنالوجی کا ماضی اور مستقبل

July 12, 2020

تاریخ کے طالبِ علموں کو اس بات کا بخوبی علم ہوگا کہ دراصل ماضی میں جھانک کر ہی مستقبل کی پیشگوئی کی جاسکتی ہے۔ اور ایسا لگتا ہے کہ تعمیرات کے شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال عین اسی کہاوت پر عمل پیرا ہے۔ جیسے جیسے تعمیرات کا شعبہ تیزی سے ڈیجیٹل عہد میں داخل ہورہا ہے، تعمیراتی کمپنیاں اپنے کام کرنے کے طریقے کو بہتر (اسٹریم لائن) کرنے، تعمیراتی آلات کے استعمال کو مؤثر بنانے، عمارتیں ڈیزائن و تعمیر کرنے اور ان کی دیکھ بھال میں ورچوئل اور آگمینٹڈ ریئلٹی کو استعمال کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لارہی ہیں۔

دراصل، تعمیراتی صنعت میں کچھ تاخیر سے متعارف ہونے والی جدید ٹیکنالوجی اب اس تیزی سے اثر پذیر ہورہی ہے کہ کمپنیوں کو درحقیقت سمجھ ہی نہیں آرہا کہ صورتِ حال پر کس طرح قابو پایا جائے۔

ای آر پی سسٹم اور تعمیراتی شعبہ

80ءکے عشرے کے اواخر اور 90ء کے اوائل میں ’ای آر پی‘ سسٹم متعارف کروایا گیا۔ یہ سسٹم کمپنیوں کے لیےاپنے فنکشن، آپریشنز اور اہم ترین اعدادوشمار کو ایک جگہ اکٹھاکرنے کے لیے ’وَن اسٹاپ شاپ‘ کی حیثیت رکھتا تھا۔ ہر کاروبار کی اپنی ضرورت کے مطابق ضروریات کافی پیچیدہ ہوسکتی ہیں۔ ان کمپنیوں کے لیے یہ ’ای آر پی‘ سسٹم پہلے سے استعمال کے لیے تیار حالت میں دستیاب تھا،جسے ہر کمپنی اپنی ضرورت کے مطابق استعمال میں لاتی تھی۔

ای آر پی سسٹم متعارف ہونے کے بعد کئی کمپنیوں نے اپنے کاروبار میں ’سوفٹ ویئر‘ کو شامل کرنے کے لیے اپنے کام کرنے کے طریقہ کار تک کو بدل دیا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ ’سوفٹ ویئر‘ کے بغیر ایک بڑی کمپنی کے لیے ادارے کے تمام اعدادوشمار کو ایک جگہ اکٹھا کرنا کوئی آسان کام نہ تھا۔ تعمیراتی صنعت نے بھی ای آر پی سسٹم کو اپنانے کی کوشش کی لیکن حقیقت یہ تھی کہ تعمیرات ایک انتہائی پیچیدہ اور افراتفری کا شکا رشعبہ ہے، جس کا حل ای آر پی سسٹم ہرگز نہیںہوسکتا تھا۔

جامع اور مشترکہ پلیٹ فارم

تعمیرات کے شعبے میں جب ای آر پی سسٹم مطلوبہ نتائج دینے میں کامیاب نہ ہوسکا تو اس کے ساتھ’پوائنٹ سولیوشنز‘ متعارف کرائے گئے۔ جب ایک سوفٹ ویئر کسی مخصوص مسئلے کو حل کرنے کے لیے ڈیویلپ کیا جاتا ہے اور وہ کوئی نیا مسئلہ سامنے آنے کے بعد اسے حل نہیں کرپاتا تو اس کے لیے ایک نیا ’پوائنٹ سولیوشن‘ ڈیویلپ کیا جاتا ہے۔ تعمیرات شعبے کی ایک سائٹ پر روزانہ سیکڑوں نئے مسائل جنم لیتے ہیں، جس سے روزانہ مینجمنٹ کے نئے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ تعمیراتی سائٹکے ہر کونے پر روزانہ پیش آنے والے ایک یا متعدد مسائل میں اہم ترین معلومات موجود ہوتی ہیں، جس کے بارے میں کمپنیوں کو جاننا اور ان کے مطابق حکمتِ عملی بنانا ناگزیر ہوجاتا ہے۔

مزید برآں، ایک تعمیراتی سائٹ پر بیک وقت کئی لوگ کام کررہے ہوتے ہیں، اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہر اسٹیک ہولڈر تک تعمیراتی سائٹ سے متعلق معلومات کا بروقت پہنچنا ضروری ہوتا ہے، تاکہ تعمیراتی سرگرمیاں بلارکاوٹ جاری و ساری رہیں۔ اعدادوشمار کو ریکارڈ کرنے کے لیے ایک جامع اور مشترکہ پلیٹ فارم کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو بار بار ڈیٹا انٹر نہیں کرنا پڑتا اور ایک بار اعدادوشمار ڈالنے سے تمام اسٹیک ہولڈرزکو اس تک رسائی حاصل ہوجاتی ہے۔ ہرچندکہ ای آر پی سسٹم کے ساتھ کچھ نئے پوائنٹسولیوشن متعارف کرواکے اسے تعمیراتی صنعت میںمتعارف کروادیا گیا، لیکن محدود استعمال کے اپنے مسائل ہوتے ہیں۔

یونیورسل کمپیوٹنگ سسٹم

اگر یہ دیکھا جائے کہ 80ء کے عشرے میں تعمیراتی صنعت کس طرح کام کررہی تھی تو نظر آتا ہے کہ اس عرصے میں مائیکروسوفٹ کے آنے کے بعد’ یونیورسل کمپیوٹنگ سسٹم‘تقریباً ہر دفتر میں استعمال ہونے لگا تھا۔ مائیکروسوفٹ آپریٹنگ سسٹم کے تحت ہارڈ ویئر اور سوفٹ ویئر کے اشتراک سے ایک مخصوص کام کو انجام دینے کے لیے پروگرام ڈیویلپ کیے جاتے تھے، جیسے ورڈ ڈاکیومنٹ بنانا یا ایکسل اسپریڈ شیٹ تخلیق کرنا (یا پھر پروجیکٹمینجمنٹ کے لیے ایپس)۔

اس وقت تعمیراتی کمپنیوں کو اپنی ضرورت کے مطابق ایک سوفٹ ویئر کو ہارڈ ویئر کے ساتھ جوڑنا ہوتا تھا، جو سوفٹ ویئر میں دیے گئے پہلے سے متعین کردہ حدود کے اندر رہتے ہوئے ہر طرح کا کام انجام دیتا تھا اور اس طرح کمپنی کی کامیابی کا سفر جاری رہتا تھا۔

اگلی منزل

تعمیرات کی صنعت کو ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ غالباً ایک یونیورسل کنسٹرکشن پلیٹ فارم اس کا ممکنہ حل ہوسکتا ہے۔ تعمیراتی صنعت کو مستقبل کے منصوبے تعمیر کرنے کے لیے ہنرمند افرادی قوت، ٹیکنالوجی اور سوفٹ ویئر کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑنا ہوگا۔ ایک ایسا یونیورسل پلیٹ فارم، جو تمام اسٹیک ہولڈرز میں رابطہ پیدا کرسکے، جس کے بعد تعمیراتی عمل میں مزاحمتی عناصر کو ختم کیا جاسکے اور درست و بروقت اعدادوشمار کے حصول میں آسانی پیدا ہوسکے۔ اس طرح تعمیراتی کمپنیوں کا باہمی اشتراک بہتر ہوگا۔

ایسے مجوزہ پلیٹ فارم پر آرکیٹیکٹ سے لے کر انجینئراور عام مزدور سے لے کر سب کنٹریکٹر تک، ہر شخص درست، مشترکہ اور قابلِ بھروسہ اعدادوشمار کی بنیاد پر (جو بہ یک وقت سب کے لیے قابلِرسائی ہوگا) ایک دوسرے کے ساتھ جڑا ہوگا اور تعمیراتی سائٹ تیزی سے پایۂ تکمیل کو پہنچنے کی جانب پیش قدمی کررہی ہوگی۔ یہ تعمیراتی صنعت کے ایسے مستقبل کا منظرنامہ ہے، جو اپنے ماضی سے سیکھ کر آگے بڑھے گا۔