قیام پاکستان سے اب تک سابق حکمرانوں نےصرف 3اسپیشل اکنامک زونز بنائے: عثمان بزدار

July 12, 2020

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ قیام پاکستان سے اب تک سابق حکمرانوں نےصرف 3 اسپیشل اکنامک زونز بنائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں13اسپیشل اکنامک زونز، انڈسٹریل اسٹیٹس پر کام شروع ہوچکا، پنجاب میں اسپیشل اکنامک زونزپر2برس کی قلیل مدت میں کام شروع کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم نے صرف 2 سال میں صنعتی شعبے کیلئے اصلاحات متعارف کرائیں، دو سال میں وہ کردیا جو شوبازیاں کرنے والے اگلے70 برس میں بھی نہ کر پاتے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اکنامک زونز، انڈسٹریل اسٹیٹس 10 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر بنائے جارہے ہیں، فیصل آبادمیں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی3 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر ہے جس سے 3 لاکھ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کمپینوں کو پاکستان لارہے ہیں، عالمی کمپنیوں کی سہولت کیلئے صنعتی اسٹیٹس میں ون ونڈو سسٹم بنائے گئے ہیں۔

عثمان بزدار نے یہ بھی کہا کہ انڈسٹریل سٹی میں 550 سے زائد صنعتی یونٹس لگانے کی گنجائش ہوگی۔