ملالہ نے اپنی گزشتہ 7 سالگرہ کہاں اور کیسے منائیں؟

July 12, 2020

کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ تعلیمی و سماجی رہنما ملالہ یوسفزئی آج اپنی 23 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔

اس ضمن میں اُن کے والد ضیاالدین یوسفزئی نے ملالہ کی گزشتہ 7 سالگرہ کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنا یہ بڑا دن کیسے اور کہا گزارا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ضیاالدین یوسفزئی کی جانب سے جاری ٹوئٹس کے مطابق ملالہ نے اپنی 16 ویں سالگرہ کے دن اقوام متحدہ میں تقریر کی، 17 ویں سالگرہ کے دن اغوا شدہ نائجیرین لڑکیوں کیلئے مہم کا آغاز کیا۔

ملالہ نے اپنی 18 ویں سالگرہ کے دن لبنان میں شامی پناہ گزینوں کے لیے اسکول کھولا جبکہ 19 ویں سالگرہ کینیا کے ایک قصبے داداب میں پناہ گزینوں کے ساتھ گزاری۔

کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ ملالہ نے اپنی 20 ویں سالگرہ بے گھر عراقیوں کے ساتھ گزاری اور 21 ویں سالگرہ برازیل کی ایسی لڑکیوں کے ساتھ گزاری جن کی اسکول تک رسائی ممکن نہیں تھی۔

ضیاالدین یوسفزئی نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ ملالہ نے اپنی 22 ویں سالگرہ ایتھوپیا کی لڑکیوں کے ساتھ گزاری اور آج ملالہ کی 23 ویں سالگرہ ہے۔

سوشل میڈیا سائٹس پر ملالہ کو بڑی تعداد میں دنیا بھر سے سالگرہ کی مبارک باد کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔