ڈویژنل سطح پر بی ایف اے دفاتر کے قیام کیلئے معاونت کرینگے‘سیکرٹری خوراک

July 14, 2020

کوئٹہ+جعفرآباد(خ ن)‌صوبائی سیکرٹری خوراک نور احمد پرکانی نے گزشتہ روز بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے آفس کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ نے انہیں ادارے کی کارکردگی و دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ادارے میں جدید سائنٹیفک لیب اور افرادی قوت کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کی ضرورت ہے جبکہ بی ایف اے قوانین بھی تاحال زیر التواء ہیں جس پر سیکرٹری خوراک نے انہیں مذکورہ مسائل کے حل کے لئےاپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ابتدائی طور پر ڈویژنل سطح پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے دفاتر کے قیام کیلئے بھی صوبائی محکمہ خوراک ادارے کی بھرپور معاونت کرے گا۔دریں اثناء ڈیرہ اللہ یار ضلع جعفرآباد میں موجود بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیم نے ڈائریکٹر آپریشنز غلام مرتضیٰ کی سربراہی میں مختلف کھانے پینے کے مراکز کے معائنے کے دوران ایک آئس فیکٹری کو ناقص پانی سے برف کی تیاری، زنگ آلود مشینری اور ٹرانسپورٹیشن سمیت مختلف وجوہات ،ایک ہوٹل کوصفائی کی ابتر صورتحال، ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے ،گندے فریزرز ،کچن و اسٹوریج ایریا میں انتہائی گندگی جبکہ دو بیکنگ یونٹس کو مجموعی طور پر ناقص پروڈکشن اور اشیاء کی تیاری میں غیر معیاری و ناقص کلرز و دیگر اجزاء کے استعمال پر جرمانہ کیا گیا ۔علاوہ ازیں کوئٹہ شہر میں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم کی جانب سے گوالمنڈی اور سرکی روڈ کے علاقوں میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران عوامی شکایت موصول ہونے اور بعد ازاں چیک کرنے پر غیرمعیاری پروڈکشن پر ایک لچھا بنانے والی فیکٹری جبکہ ایک بیکری کو بیکنگ یونٹ میں صفائی کی انتہائی ابتر صورتحال،حشرات کی موجودگی، تیارشدہ بیکری آئٹمز کی غیر معیاری اسٹوریج اور ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر فوری طور پر سیل کردیا گیا ،ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز خالد شریف کی سربراہی میں بی ایف اے ٹیم نے دو بیکریوں کو زائد المعیاد اشیاء کی برآمدگی ،ایک ملک شاپ کو صفائی کے ناقص انتظامات اور دودھ دہی میں حشرات کی موجودگی جبکہ دو جنرل سٹورز کو زائد المیعاد کھانے پینے کی اشیاء اور ممنوعہ گٹکا پان پراگ و چائنیز نمک فروخت کرنے پر جرمانہ عائد کیا۔