مضر صحت پانی فراہم کرنے اور پانی چوری میں ملوث 9 ملزمان گرفتار

July 15, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) واٹربورڈ اور پولیس کا پانی چوروں اور انسانی صحت کیلئے مضر پانی فروخت کرنے والو ں کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن، ایک ہائیڈرنٹ کا خاتمہ جبکہ 9 ٹینکرپکڑکر 9 ملزمان گرفتار کرلیئے گئے۔ ترجمان واٹربورڈ کے مطابق منگھوپیر اور موچکو تھانوں کی پولیس کی مددسے ایم ڈی واٹربورڈکے فوکل پرسن ریحان اقبال ،ایچ ٹی ایم کے ایگزیکٹو انجینئررحیم پلیجو ،سب انجینئر محمد قیصر اور دیگر نے ٹینکروں کے ذریعے بلوچستان کے علاقے ساکران سے مضرصحت پانی لاکر کراچی کے شہریوں کو فروخت کرنے والے 7ملزما ن ساجد،حمید الرحمن ،رحمان ،علی اکبر، عامر خان ،فیصل احمد ،مشیر احمد کوپکڑکر گرفتار کرادیا جبکہ مضرصحت پانی سے بھرے 9ٹینکرز پولیس نے قبضے میں لے لئے ہیں ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات کا اندراج کرادیا گیا ہے ، دوسری جانب واٹربورڈ کی اس ہی ٹیم نے پولیس کے ساتھ خیبر ہوٹل نادربائی پاس کے قریب چھاپہ مار کر غیرقانونی ہائیڈرنٹ کا خاتمہ کردیا ، ملزمان لیاقت اور بادشاہ خان کے خلاف 14اے کے تحت منگھوپیر تھانہ میں مقدمہ درج کرادیا گیا ہے،ملزمان واٹربورڈ کی 48 انچ قطر کی پانی کی لائن سے دو غیرقانونی کنکشن کے ذریعہ پانی چوری کرکے ٹینکروں کے ذریعے فروخت کرتے تھے۔