سائیکوتھراپی کاگنیٹو بیہورئیل تھراپی سرٹیفکیٹ کورس کا آغاز

July 15, 2020

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر میڈیکل کالج اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور کے شعبہ سائیکاٹری نے سائیکوتھراپی کاگنیٹو بیہورئیل پوسٹ گریجویٹ سرٹیفکیٹ کورس دوسرے بیچ کا آغاز کر دیا6 مہینے کا کورس خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور سے تسلیم شدہ ہے کورس کا افتتاح پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس اور ڈین خیبر میڈیکل کالج اور چیف ایگزیکٹو کے ایم سی، کے ٹی ایچ، کے سی ڈی پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے کیا ۔ کاگنیٹو بیہورئیل تھراپی ایک کم میعاد با مقصد سائیکو تھراپی کا علاج ہےجو مریض کو موقع پر مسائل حل کرنے کی تربیت اور مستقبل میں آنے والی پریشانیوں سے نمٹنے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے تاکہ بار بار ماہر نفسیات کی ضرورت نہ پڑے، علاج کا مقصد لوگوں کے روزمرہ مسائل حل کرنے کے لئے سوچ کو بدلنا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد نے اپنے خطاب میں کہاکہ چھ مہینے کا کورس ایک سالہ ڈپلومہ میں تبدیل کیا جائے گا جس کی تیاریاں مکمل ہیں ، اس وقت ملک میں کوالیفائیڈ سائیکاٹرسٹس کی شدید کمی ہے، تقریباً 220 ملین آبادی کے لئے صرف 500 کوالیفائیڈ سائیکاٹرسٹس موجود ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور نفسیاتی بیماریوں کی شرع میں دن بددن اضافے کے مدِنظر شعبہ نفسیات میں دو سالہ ڈپلومہ کورس متعارف کرایا جائے ۔ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے پروفیسر ڈاکٹر بشیراحمد اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران خان کی کائوشوں کی تعریف کی۔