ڈاکٹر کلاؤس بوشنر کی جانب کشمیریوں کی حمایت پر علی رضا سید کا اظہار تشکر

July 16, 2020

برسلز (حافظ انیب راشد ) چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے سبکدوش ہونے والے جرمن رکن یورپی پارلیمنٹ ڈاکٹر کلاؤس بوشنر کی طرف سے کشمیریوں کی حمایت کو سراہا ہے۔ واضح رہے کہ گرین یورپین فری الائنس سے وابستہ جرمن پارلیمنٹرین ڈاکٹر بوشنر اپنی پارلمانی مدت کے دوران مسئلہ کشمیر کے بارے میں کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام منعقد ہونے والے پروگراموں کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ علی رضا سید نے ڈاکٹربوشنر سےبرسلز میں ملاقات کرکے کشمیریوں کے لیے ان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر بوشنر کی اہلیہ جو انسانی حقوق کے لیے کام کرتی ہیں، بھی موجود تھیں۔ ڈاکٹر کلاؤس بوشنر حال ہی میں اپنی پارلیمانی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوئے ہیں۔ ان کی جگہ نئے جرمن رکن یورپی پارلیمنٹرین نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ ملاقات کے دوران چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ ہم آپکی کشمیریوں کے لیے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آپ آئندہ بھی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ علی رضا سید نے ایک کشمیری سوینئر بھی ڈاکٹر بوشنر کو پیش کیا اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے بعد اپنے ایک بیان میں چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ ان کی ڈکٹربوشنر سے ملاقات بہت ہی مفید رہی۔ ہم ڈکٹر بوشنرکی حمایت کے شکرگزار ہیں۔ ہمیں یہ بھی امید ہے کہ ان کی جگہ نئے آنے والے جرمن رکن یورپی پارلیمنٹ بھی مظلوم کشمیریوں کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے خاص طور پر یورپی اراکین پارلیمنٹ اور یورپی حکام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے اپنی سفارتی جدوجد جاری رکھیں گے۔ علی رضا سید نے بین الاقوامی برادری خصوصا یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کروانے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔